کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیئرمین متحدہ قومی موومنٹ پاکستان و وفاقی وزیر تعلیم اور سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے ناراض ہو کر حکومت چھوڑنے کا اشارہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کو وزارتوں کا کبھی شوق نہیں، اسی لئے ہم واحد جماعت ہیں جو حکومت میں رہتے ہوئے بھی وزارتیں چھوڑ دیتے ہیں، کراچی کی ترقی کے لئے کام کریں گے تو ملک ترقی کریگا ، کراچی کے بلدیاتی اختیارات ایک دھوکہ ہے، کراچی میں جو بلدیاتی انتخابات کروائے گئے وہ انتخابات نہیں بلکہ پیپلز پارٹی کی سازش تھی جس میں جماعت اسلامی بھی برابر سے شریک رہی اسی لئے ہم نے اس کا بائیکاٹ کردیا تھا۔ وہ ہفتے کو کورنگی انڈسٹریل ایریا میں نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی کے کراچی کیمپس کے افتتاح کے موقع پر تقریب کے شرکاء سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ فیصل واؤڈا ایم کیو ایم کے نمائندے نہیں ہیں، انکی اپنی سوچ اور ہماری اپنی سوچ ہے۔ ہمارا حکومتوں کے ساتھ رہنے اور حکومتوں سے نکلنے کا تجربہ کچھ اچھا نہیں رہا ہے اسی لئے ہم جلد سے جلد اُن تمام جامعات کے کیمپس کراچی میں کھولنا چاہتے ہیں جو کراچی میں موجود نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح کراچی کے تاجر پورے پاکستان کو چلاتے ہیں اسی طرح کراچی کے تعلیمی اداروں کو بھی انکی شراکت کی ضرورت ہے کیوں کہ یہیں سے کراچی اور پاکستان کا مستقبل نکلتا ہے۔