• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اداکار جاوید شیخ کے فلم انڈسٹری میں 50 برس مکمل، بالی ووڈ میں بھی کام کیا

آج سے 50 سال قبل 13 دسمبر 1974 کو سدا بہار اداکار، فلم ساز اور ہدایت کار، جاوید شیخ نے پاکستان فلم انڈسٹری سے اپنی فنی کیریئر کا آغاز فلم ’دھماکا‘ سے کیا تھا۔

اداکارہ شبنم، جاوید شیخ کی پہلی فلم کی ہیروئن تھیں، اس فلم کے بعد انہوں نے اسٹیج، ریڈیو اور ٹی وی پر طبع آزمائی کی۔

ان کی ڈراما سیریل ’شمع‘ کو بےحد کامیابی ملی، مگر ڈراما سیریل’ان کہی‘ کی مقبولیت اور بہترین پرفارمنس نے ان کےلیے ایک بار پھر پاکستان فلم انڈسٹری کے دروازے کھول دیے تھے۔

معروف ہدایت کار نذر شباب نے ڈسٹری بیوٹر اور پروڈیوسر ستیش چند آنند کی سفارش پر انہیں فلم ’کھبی الوداع نہ کہنا‘ میں ایک اہم کردار میں کاسٹ کیا۔ اس فلم کی کامیابی کے بعد جاوید شیخ پر قسمت مہربان ہوگئی اور راتوں رات پاکستان کےعوامی ہیرو بن گئے۔

جاوید شیخ فلم اوم شانتی اوم میں شاہ رخ خان کے ساتھ
جاوید شیخ فلم اوم شانتی اوم میں شاہ رخ خان کے ساتھ

ان کی مقبول اور کامیاب ترین فلموں میں کھبی الوداع نہ کہنا، شادی مگر آدھی، ہانگ کانگ کے شعلے، لازوال، ہم ایک ہیں، مس کولمبو، زنجیر، مہندی، غریبوں کا بادشاہ، بارش، انٹرنیشنل گوریلے، استادوں کے استاد، جو ڈر گیا وہ مر گیا، مشکل، چیف صاحب، نامعلوم افراد، رانگ نمبر، اور دیگر شامل ہیں۔

جاوید شیخ نے 140 اردو اور پنجابی فلموں میں کام کیا، جاوید شیخ بالی ووڈ کی درجن سے زائد فلموں میں بڑے بڑے سپر اسٹارز، شاہ رخ خان، سلمان خان، اجے دیوگن، عمران ہاشمی، اکشے کمار، دھرمیندر اور رنبیر کپور کے ساتھ کام کر چکے ہیں۔ 

انھوں نے اپنی جے ایس پروڈکشن کے بینر تلے سات فلموں کی ہدایتکاری بھی کی۔ جاوید شیخ فلم انڈسٹری میں اپنی گولڈن جوبلی مکمل ہونے پر جبار ساگر سمیت تمام مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید