کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر ) کمشنر کوئٹہ نے نیو گرین بس کے ڈرائیور کی غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے ڈرائیور کو فوری طور پر معطل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر گزشتہ روز نیو گرین بس کے ڈرائیور کی جانب سے غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس کا نو ٹس لیتے ہوئےکمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کے سی ای او ڈاکٹر فیصل اور سی ای او نیو گرین بس شفقت شاہوانی کو ڈرائیور کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت کی تھی جس پر کارروائی کرتے ہوئے گرین بس کے ڈرائیور کو فوری طورپرمعطل کردیا ۔اس سلسلے میں کمشنر کوئٹہ حمزہ شفقات نے بتایا کہ گزشتہ روزگرین بس سروس کے ڈرائیور کی غیر مہذب طریقے سے گاڑی چلانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد بس کے ڈرائیور کو معطل کر دیا گیا اور غفلت کی تحقیقات کی جا رہی ہیں، آپریشنز اور مینٹیننس کنٹریکٹ کے تحت نجی کمپنی کو معاہدے کی تین مختلف شقوں کی خلاف ورزی پر غفلت برتنے پر بھاری جرمانہ عائد کیا گیا ہے،گرین بسوں کی نگرانی محکمہ ٹرانسپورٹ اور پی پی پی اتھارٹی کی مشترکہ مانیٹرنگ اور ایویلیوایشن کمیٹی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرین بس کا آپریشن کوئی بھی سرکاری ادارہ اپنے طور پر نہیں کرتا، بسیں ایک پرائیویٹ کنٹریکٹر کے ذریعے چلائی جا رہی ہیں جو اپنے کام کے معیار کے لیے حکومت کو جوابدہ ہے۔کمشنر کوئٹہ نے کہا کہ یہ نوٹ کرنا ضروری ہے کہ مسافروں کے لیے معیاری سروس، استعمال کیے جانے والے ایندھن کا معیار، ڈرائیوروں کا طرز عمل، بسوں کی باقاعدہ دیکھ بھال، صفائی، آپریشن کی وقت کی پابندی، ڈرائیوروں اور دیگر عملے کی تربیت اور کئی دیگر عوامل شامل ہیں۔