امریکی ریاست کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والے ایڈگر یوڈکیوچ نامی ایک شخص نے تقریباً 10 میٹر طویل رسی پر چلتے ہوئے 3 چھریوں سے جگلنگ کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر لیا۔
گینیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق ایڈگر یوڈکیوچ ایک پیشہ ور سلیک لائنر ہیں اور اُنہوں نے 3 چھریوں سے جگلنگ (منفرد کرتب دکھاتے ہوئے) 10.47 میٹر یعنی 34 فٹ 4 انچ طویل رسی پر چل کر سب سے زیادہ فاصلہ طے کرنے کا نیا ریکارڈ بنایا ہے۔
ایڈگر یوڈکیوچ نے جس رسی پر چل کر یہ دلچسپ ریکارڈ اپنے نام کیا ہے وہ زمین سے ایک میٹر بلندی پر تھی۔
اس حوالے سے ایڈگر یوڈکیوچ کا کہنا ہے کہ میں 12 سال سے سرکس میں سلیک لائن جگلنگ کر رہا ہوں، اس لیے یہ ریکارڈ بنانے سے پہلے میں نے بس تھوڑی سے ہی پریکٹس کی تھی۔
اُنہوں نے کہا کہ جب میں بہت زیادہ پریکٹس کرتا ہوں تو میرے بازو تھک جاتے ہیں اور پھر مجھے آرام کی ضرورت ہوتی ہے اور اگر آرام نہ کروں تو میرے جسم کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہوتا ہے۔