کراچی(اسٹاف رپورٹر)نگراں صوبائی وزیرِصحت و بہبودِآبادی ڈاکٹر سعدخالد نیاز نے کہا ہےکہ کراچی میں نئے پولیو کیسز کا تعلق افغانستان سے ہے، نئے تحقیقی اداروں کی تعمیر اورمحققین کی تیاری کے میدان میں مزید سرمایہ کاری کی جانے کی ضرورت ہے، سند ھ حکومت جس قدر ممکن ہوا ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیور میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ، جامعہ کراچی کی معاونت کریگی تاکہ یہ ادارہ مالیکول کی سطح پر امراض کی آگاہی میں مزید پیش رفت کرسکے۔ یہ بات انھوں نے ڈاکٹر پنجوانی سینٹر کے زیرِ اہتمام بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم(آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی میں منعقدہ مالیکیولر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ کے موضوع پر4روزہ آٹھویں بین الاقوامی سمپوزیم کم ٹریننگ کورس(27تا30نومبر) کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کی۔ سمپوزیم میں26ممالک کے70غیر ملکی سائنسدان اور محققیں شرکت کررہے ہیں، جبکہ پاکستانی سائنسدانوں کو ملاکر شرکاء کی متوقع تعداد600سو سے زیادہ ہیں۔