چیئرمین پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرین (پی ٹی آئی پی) پرویز خٹک نے کہا ہے کہ عام آدمی کو سہولت دینا مشن ہے، 40 سال میں کئی پارٹیوں کا حصہ رہا ہوں۔
پشاور میں پریس کانفرنس کے دوران پرویز خٹک نے کہا کہ وہ 40 سال سے ملکی سیاست میں ہیں، ملک کا کوئی ادارہ ایسا نہیں جو مجھے بے وقوف بناسکے۔
انہوں نے کہا کہ پانچ سال میں صوبے کی بہتر انداز میں خدمت کی، پی ٹی آئی پی میں لوگ دھڑا دھڑ شامل ہو رہے ہیں۔
پرویز خٹک نے مزید کہا کہ سابق ٹاؤن ناظم اور پیپلز پارٹی کے رہنما محمد شریف کی پی ٹی آئی پی میں شمولیت سے پارٹی مزید مضبوط ہوگی۔
اُن کا کہنا تھا کہ اپنے دور میں پولیس کو عوام کا خدمت گار بنایا تھا، مختلف اضلاع میں پارٹیوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کریں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی پی نے یہ بھی کہا کہ مجھے نہیں پتا کیسا لیول پلیئنگ فیلڈ چاہیے، لیول پلیئنگ فیلڈ جہاں سے ملتا ہے وہاں جائیں۔