پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے ورلڈکپ فائنل میں بھارتی ٹیم کی شکست پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مداح اپنی غلطی تسلیم کریں، آپ نے فائنل سے قبل ہی بھارت کو کامیاب قرار دے دیا تھا۔
غیر ملکی اسپورٹس چینل سے بات چیت کرتے ہوئے وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ 1999 ورلڈکپ فائنل میں شکست سے متعلق آج بھی ان سے سوالات کیے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آپ کی ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا اور اسی وجہ سے اس شکست کو تسلیم کرنا انتہائی مشکل ہے۔
سوئنگ کے سلطان کا کہنا تھا کہ ٹیلی ویژن، سوشل میڈیا اور مداحوں نے بھارت کو پہلے ہی ورلڈکپ کا فاتح قرار دے دیا تھا، آپکو اپنی یہ غلطی تسلیم کرنی ہوگی۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے دنیائے کرکٹ کے ریکارڈ ساز فاسٹ بولر نے کہا کہ آپ نے لوگوں کی امیدوں کو بڑھادیا تھا کیونکہ آپکی ٹیم بہترین کھیل پیش کر رہی تھی۔ مجموعی طور پر یہ آپ لوگوں کی غلطی نہیں ہے۔
وسیم اکرم نے آسٹریلیا کے گیم پلان کو سراہا اور کہا کہ انکے پاس بہتر منصوبہ تھا، انہوں نے تیز گیند بازی ہی نہیں کی، 11ویں سے 40ویں اوور تک صرف 4 ہی باؤنڈریز آئیں۔
انکا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے مداحوں کی یادداشت بہت تیز ہے، وہ کب یہ سب بھولیں گے؟
وسیم اکرم نے کہا کہ سوشل میڈیا کو سنجیدہ نہ لیا جائے، اس پر آدھے سے زیادہ صرف ڈرامہ ہوتا ہے۔
انہوں نے بھارتی مداحوں کو مشورہ دیا کہ آپ آگے بڑھیں، آپکے سامنے آئندہ 6 ماہ کے اندر ایک اور ورلڈکپ ہے۔