نئی دہلی (جنگ نیوز) آسٹریلیا کا کرکٹ ورلڈکپ جیتنا بھارتیوں کو کسی پل چین نہیں لینے دے رہا۔ ٹورنامنٹ کے بعد آسٹریلوی آل راؤنڈر مِچل مارش کی ٹرافی پر پیر رکھنے والی تصویر نے جلتی پر تیلی کا کام کیا۔ اب ان پر بھارتی ثقافت پامال کرنے کا الزام لگاکر مقدمہ دائر کرنے کی اور بھارت میں کھیلنے سے روکنے کی درخواست دی گئی ہے۔ بھارتی ویب سائٹ کے مطابق پنڈت کیشو نامی شخص نے علی گڑھ میں پولیس سے مِچل مارش کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی درخواست کی ہے۔ ان کا الزام ہے کہ مارش نے ٹرافی پر پاؤں رکھ کر بھارتی مداحوں کے جذبات کو مجروح کیا ہے۔ پنڈت کیشو نے ایک کاپی وزیراعظم نریندر مودی کو بھجواتے ہوئے درخواست کی ہے کہ انہیں بھارت میں کھیلنے کی اجازت نہ دی جائے۔ دوسری جانب فاسٹ بولر محمد شامی نے بھی مارش کو اس حرکت پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے فائنل کے بعد بھارتی شہریوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر کئی آسٹریلوی کرکٹرز کے اہلخانہ کو ہراساں کیا گیا تھا۔