پشاور(جنگ نیوز)خیبرپختونخوا سنٹرآف ایکسیلنس آن کاؤنٹرنگ وائلنٹ ایکسٹریم ازم کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹرقاسم نے کہا ہے کہ ہماری نئی نسل تعلیم کے ذریعے تشدد اور انتہا پسندی کے خاتمے اور امن اور رواداری کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہارسنٹرآف ایکسیلنس آن کاؤنٹرنگ وائلنٹ ایکسٹریم ازم میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کے دوران کیا، سیمینار میں اباسین یونیورسٹی پشاور کے پروفیسر ڈاکٹر نوید، اساتذہ، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل سی وی ای ڈاکٹر عرفان ، پرنسپل ریسرچ آفیسرزسی وی ای اورمختلف شعبہ جات کے طلبہ کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ڈاکٹر عرفان نے کہا کہ آج ہمارے ملک اور خطے کو انتہاپسندی اور تشدد کے چیلنجز درپیش ہیں جس نے معاشرہ کے امن و سکون کو خطرات سے دوچار کر دیا ہے، انتہاپسندی اور تشدد کے خاتمے میں تعلیم اور تعلیمیافتہ نوجوان اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔