سندھ ہائی کورٹ نے غیر قانونی پارکنگ کے خلاف درخواست میں کنٹونمنٹ بورڈز کو بھی فریق بنانے کی ہدایت دے دی۔
عدالت میں غیر قانونی پارکنگ کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔
عدالت نےایڈووکیٹ محمد واؤڈا کو کیس کی فائل دیکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ہم آج اس معاملے پر کوئی اہم ہدایات جاری کریں گے، ہو سکتا ہے عدالتی معاون بھی مقرر کریں۔
جسٹس ندیم اختر نے استفسار کیا کہ پارکنگ کا معاملہ کنٹونمنٹ کے علاقوں میں بھی ہے لیکن درخواستوں میں اس پر توجہ نہیں دی گئی، آپ بتائیں کہ کنٹونمنٹ بورڈز کو فریق کیوں نہیں بنایا گیا، کوئی خاص وجہ؟
اس سوال کے جواب میں درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ مہلت دیں کنٹونمنٹ بورڈز کو بھی درخواست میں شامل کر لیں گے۔
جسٹس ندیم اختر نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ درخواست گزاروں کے وکلاء اتنی تیاری نہیں کر رہے ہیں۔
درخواست گزار نے غیر قانونی پارکنگ کی فہرست عدالت میں جمع کروا دی۔