• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیل حماس تنازع، روسی صدر بدھ کو سعودیہ اور عرب امارات پہنچیں گے

کراچی (نیوز ڈیسک) اسرائیل اور فلسطین کی تنظیم حماس کے درمیان جاری تنازع کے دوران روس کے صدر ولادیمیر پوتن بدھ کو سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کا اہم دورہ کرنے والے ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، دونوں ملکوں کے دورے کے دوران وہ باہمی تعلقات، تیل کے شعبے میں تعاون اور ساتھ ہی اسرائیل فلسطین تنازع سمیت عالمی اور علاقائی معاملات پر بات چیت کریں گے۔ واپسی پر جمعرات کو ماسکو میں ان کی ایرانی صدر سے ملاقات ہوگی۔ یاد رہے کہ انٹرنیشنل کریمنل کورٹ کی جانب سے وارنٹ کے اجراء کے بعد سے یہ صدر پوتن کا پانچواں غیر ملکی دورہ ہے۔ جولائی میں انہوں نے پریٹوریا کا دورہ منسوخ کر دیا تھا جہاں خدشہ تھا کہ سائوتھ افریقن حکام عالمی عدالت کی جانب سے جاری کردہ وارنٹ کی تعمیل کر سکتے ہیں۔ تاہم، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کا عالمی عدالت کے ساتھ کوئی معاہدہ نہیں۔ کریملن کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر پوتن کا یہ دورہ اہمیت کا حامل ہے جس میں مشرق وسطیٰ کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، اور واپسی پر صدر پوتن ماسکو میں ایران کے صدر ابراہیم رئیسی سے ملاقات کریں گے۔

دنیا بھر سے سے مزید