• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آسٹریلیا میں دہائیوں سے نہیں جیتے، اب ہارے تو ذمہ داری لونگا، وہاب ریاض

کراچی(اسٹاف رپورٹر)قومی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ وہاب ریاض نے کہا ہے کہ ہم نے آسٹریلیا میں دہائیوں سے سیریز نہیں جیتی ہے، کوشش ہے کہ ٹیسٹ میچ میں کامیابی حاصل کریں۔

 اگر ٹیم ہارتی ہے تو میں زمہ داری لوں گا۔نسیم شاہ پی ایس ایل تک مکمل فٹ ہوں گے۔ وہ دورہ نیوزی لینڈ کیلئے زیر غور نہیں ہیں ، کوئی جلدی نہیں کرنا چاہتے۔فاسٹ بولر حارث رؤف ہمار ی پراڈکٹ ہے، ہم انضباطی کارروائی کرکے اسے ختم کرنے نہیں آئے۔ 

سنٹرل کنٹریکٹ میں پاکستان کی دستیابی کی شق موجود ہے ،انہوں نے نیشنل ٹی ٹوئنٹی میں شرکت کی۔ وہ فری تھے اور اس لیے بگ بیش کیلئے این او سی دیا ۔ 

وہ جمعرات کو لاہور میں میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ شان مسعود ڈراپ ہو کر ہمیشہ ڈومیسٹک میں پرفارم کرتا ہے ، شان ٹیسٹ سیریز میں بھی ایسے ہی رنز کرے گا۔

 شعیب ملک اپنی صلاحیتیں ثابت کر چکے ہیں ، یہ دیکھنا ضروری ہے کہ وہ ٹیم میں کیسے اور کہاں فٹ ہوتے ہیں۔ ہر بندہ جو اسکور کر رہا ہے وہ زیر غور ہے ، کیمپ میں ڈومیسٹک کے پرفارمرز اور ٹی ٹوئنٹی کے ممکنہ کھلاڑیوں کو بلایا جائے گا۔ وہاب ریاض نے مزید کہا کہ ویمن کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔

 دریں اثنا دورئہ نیوزی لینڈ میں وائٹ بال سیریز کی ٹیم منتخب کرنے کیلئے قومی سلیکشن کمیٹی کا اجلاس 13دسمبر کو لاہور میں ہوگا ۔ حتمی اسکواڈ کا اعلان 2 جنوری 2024 کو متوقع ہے۔ سیریز 12 جنوری سے شروع ہو گی۔

اسپورٹس سے مزید