میہڑ (نامہ نگار) میہڑ کے قریب بیٹو جتوئی میں جلسہ عام میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر اعلیٰ سندھ لیاقت علی جتوئی نے ساتھیوں سمیت جی ڈی اے میں شمولیت کا اعلان کردیا جبکہ اس موقع پر جی ڈی اے کے سربراہ صدرالدین شاہ نے کہا ہے کہ خاموش انقلاب لاکر سندھ سے مافیا کو بھگانا پڑیگا ،سابق وزیر اعلی ٰ سندھ لیاقت جتوئی نے کہا کہ پی پی نے سندھ کو تباہ کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز میہڑ کے قریب گاؤں بیٹو جتوئی میں سابق وزیر اعلیٰ سندھ لیاقت علی جتوئی کی رہائش گاہ پر ایک جلسہ عام منعقد کیا گیا۔ جس میں جی ڈی اے کے مرکزی رہنماوں صدرالدین شاہ راشدی مرتضی جتوئی، سید زین شاہ، ڈاکٹر صفدر عباسی اور دیگر نے جلسے میں شرکت کی ۔ اس موقعے پر جلسے میں سابق وزیر اعلیٰ سندھ لیاقت علی جتوئی نے جی ڈی اے کے مرکزی رہنماؤں کی موجودگی میں جی ڈی اے میں اپنے ساتھیوں سمیت باضابطہ طور شمولیت کا اعلان کردیا ہے ۔ اس موقعے پر جی ڈی اے کے صدر صدرالدین شاھ راشدی نے جلسے کو خطاب میں کہا کہ لیاقت علی جتوئی کا میں نہایت شکر گزار ہوں۔ سندھ میں تعلیمی و صحت کے ادارے اور انفرااسٹرکچر تباہ ہے ۔ سندھ میں کرپشن مافیا کیخلاف ا ٹھ کر سندھ کو خوشحال بنانا پڑیگا اور خاموش انقلاب لاکر مافیا کو بھگانا پڑیگا ۔لیاقت علی جتوئی کو ہم اعلیٰ منصب پر دیکھنا چاہتے ہیں ۔ جلسے عام میں سابق وزیر اعلیٰ سندھ لیاقت علی خان جتوئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے 15سال عوام کی بھلائی کے لئے آواز بلند رکھی ہے ۔ پی پی کی سابقہ حکومت نے 16سال میں سندھ کو تباھ کردیا ہے۔ کرپشن، لوٹ مار، مہنگائی اور بدامنی کے سوا عوام کو کچھ نھیں دیا گیا ہے ۔