• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

KP وزرا کی بدزبانی پر افسوس، برے رویے کو تحمل سے برداشت کیا، عظمیٰ بخاری

لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے وزراء کی طرف سے بدزبانی پر افسوس ہے، ہم نے ان کے برے رویوں کو تحمل سے برداشت کیا، وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں صوبہ پنجاب نے ترقی، فلاح اور بہتر طرزِ حکمرانی کی نئی مثالیں قائم کی ہیں،خزانے عوام پر خرچ کرنے کیلئے ہوتے ہیں،اگرکسی کو اعتراض ہے تو ہم کیا کرسکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی جی پی آر میں پنجاب حکومت کی سالانہ کارکردگی پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز مخالفین کی بے جا تنقید کی پرواہ کیے بغیر پنجاب کے عوام کی فلاح کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ ہمارے مہمان ہیں، تاہم پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کے دوران ان کے رویوں اور الفاظ کے چناؤ پر فقط افسوس کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے وزراء کی زبان چیک کریں، انہوں نے کیا الفاظ استعمال کیے۔ ان کی جانب سے کی گئی گفتگو سے ان کی تربیت سامنے آتی ہے، جو اپنے دور میں ٹرین ہوتے رہے، ان کو کوڑا اٹھانے پر بھی اعتراض ہے۔ ہمارا ظرف ہے کہ ان کے برے رویوں کو تحمل سے برداشت کیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبہ پنجاب نے ترقی، فلاح اور بہتر طرزِ حکمرانی کی نئی مثالیں قائم کی ہیں۔ پنجاب حکومت کی سالانہ کارکردگی عوامی اعتماد، شفافیت اور زمینی حقائق پر مبنی منصوبہ سازی کا عملی ثبوت ہے۔عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ مریم نواز شریف نے ایک سال میں 90 فلیگ شپ منصوبے شروع کیے جو نہ صرف کاغذوں سے نکل کر عملی شکل اختیار کرچکے ہیں بلکہ عوام براہِ راست ان منصوبوں سے مستفید بھی ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسان، طلباء، مزدور، نوجوان اور خواتین سمیت معاشرے کے ہر طبقے کو ساتھ لے کر چلنے کی پالیسی نے پنجاب کو دیگر صوبوں کی نسبت ترقی کے سفر میں سب سے آگے کر دیا ہے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ الیکٹرک بسیں، گرین ٹرین، الیکٹرک بائیکس، ستھرا پنجاب، اپنی چھت اپنا گھر، آسان کاروبار اور کسان کارڈ مریم نواز شریف کے ایسے فلیگ شپ پروگرام ہیں جنہوں نے سہولت، روزگار، تعلیم، ٹرانسپورٹ، ماحولیات اور معاشی بہتری کے نئے دروازے کھولے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید