لاہور (آن لائن) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ آئین اور عدلیہ بحال کرائیں گے ، پنجاب کی قابض حکومت کا رویہ مہمانوں کے ساتھ سب کے سامنے ہے۔لاہور ہائیکورٹ بار میں وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نظام عدل کو مفلوج کر دیا گیا ہے، ہمیں اسٹریٹ موومنٹ کی تیاری کرنی ہے، وکلاء برادری کا اس تحریک میں اہم کردار ہوگا، تحریک انصاف عدلیہ کی آزادی کے ساتھ کھڑی ہے، آئین ہمیں جلسے اور احتجاج کی اجازت دیتا ہے لیکن پنجاب میں پولیس بدمعاش پولیس بن گئی ہے، ایک صوبے کا وزیراعلیٰ آتا تو ہزار سے زیادہ کارکنوں کو اٹھا لیا جاتا ہے، تین جج حکم دیتے ہے کہ بانی سے میری ملاقات کروائی جائے، ایک جیل سپرنٹنڈنٹ عدالتی آرڈ ردی کی ٹوکری میں ڈال دیتا ہے، وکلا برادری کا مشکور ہوں انہوں نے مجھے عزت بخشی۔ قبل ازیں لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر آصف نسوآنہ اور وکلاء نے وزیراعلیٰ کے پی کے کا پرتپاک استقبال کیا۔ وزیراعلیٰ پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں، بار عہدیداروں نے پھولوں کا گلدستہ پیش کیا، علامہ اقبال آڈیٹوریم میں وکلاء کی جانب سے سہیل آفریدی کے حق میں نعرے بازی کی گئی۔