کراچی (نیوز ڈیسک) امریکا، بڑھتی مہنگائی اور ٹیرف، دیوالیہ ہونیوالی کمپنیوں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ مہنگائی نے پیداواری لاگت بڑھا دی، منافع دباؤ میں، درآمدی و برآمدی ٹیرف سے کاروباری اخراجات میں اضافہ ہوگیا۔ کمزور شعبوں کی کمپنیاں سب سے زیادہ متاثر، صارفین کی قوتِ خرید کم ہونے سے فروخت گھٹ گئی۔ واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق امریکا میں دیوالیہ ہونے والی کمپنیوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، جس کی بنیادی وجہ بلند مہنگائی، بڑھتے ہوئے تجارتی ٹیرف اور کمزور ہوتی صارفین کی خریداری طاقت ہے، خاص طور پر ریٹیل، مینوفیکچرنگ، لاجسٹکس اور کم منافع والے شعبوں سے وابستہ کاروبار دوہری دباؤ میں آ چکے ہیں، جہاں ایک طرف خام مال، توانائی، اجرت اور قرضوں کی لاگت مسلسل بڑھ رہی ہے اور دوسری جانب مہنگائی سے پریشان صارفین غیر ضروری اخراجات کم کر رہے ہیں، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بہت سی کمپنیاں اضافی اخراجات صارفین پر منتقل کرنے سے قاصر ہیں جس کے باعث ان کے منافع شدید متاثر ہو رہے ہیں۔