سکھر (صباح نیوز) اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کا لمبی اننگ کھیلنے کا ارادہ ہے، علم نہیں کہ28ویں ترمیم آرہی ہے، پی ٹی آئی مذاکرات چاہتی ہے تو انہیں اسمبلی آنا ہوگا۔اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور مشیر وزیراعظم رانا ثنا اللہ نے گڑھی خدا بخش میں بینظیر بھٹو کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایاز صادق نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرنے آئے ہیں۔ایاز صادق نے کہا کہ وزیر اعظم نے بار بار کہا ہے کہ ہم گفتگو کے لیے تیار ہیں اور اسپیکر کے دفتر میں بھی کسی بھی وقت مذاکرات کیلئے دروازہ کھلا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پی ٹی آئی جب مذاکرات کے لیے تیار ہو گی تو کوئی راستہ نکل سکتا ہے۔