کراچی( اسٹاف رپورٹر )متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سابق کنوینر شہید انقلاب ڈاکٹر عمران فاروق کی بیوہ و سینئر کارکن و سابق رکن صوبائی اسمبلی شمائلہ عمران فاروق کو ہفتے کی دوپہر سوسائٹی قبرستان میں ہزاروں سوگواران کی موجودگی میں سپر د خاک کردیا گیا،مرحومہ شمائلہ عمران فاروق کی نمازِ جنازہ رحمانیہ مسجد طارق روڈ میں ادا کی گئی جس میں ایم کیو ایم پاکستان کی مرکزی کمیٹی کے سینئر اراکین سید مصطفیٰ کمال، ڈاکٹر فاروق ستار، انیس قائم خانی سمیت اراکینِ پارلیمنٹ، سینٹرل آرگنائزنگ اینڈ کوآرڈینیشن کمیٹی کے ذمہ داران، انچارج سی او سی فرقان اطیب و اراکین اور کارکنان سمیت لواحقین اور اہل محلہ ، ایم کیوایم انٹر نیشنل کی کوآرڈی نیشن کمیٹی کے رکن جوہر عابد ایڈوکیٹ، اسمٰعیل ستارہ ، رحمت رحمانی ایڈوکیٹ ، ڈاکٹراسامہ ، فیصل مجیب اور ایم کیو ایم انٹر نیشنل کے کار کنوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ مرحومہ کا ایک ہفتے قبل لندن میں طویل علالت کے باعث انتقال ہوگیا تھا، وہ سرطان کے مرض میں مبتلا تھیں، ان کاجسد خاکی لندن سے کراچی ہفتہ کی صبح کراچی ائر پورٹ پر پہنچا جس کو ان کے دونوں صاحبزادوں عالیشان فاروق اور وجدان فاروق نے ایم کیو ایم کی مرکزی کمیٹی کے سینئر رکن ڈاکٹر فاروق ستار کے ہمراہ وصول کیا اور جسد خاکی کو ان کی والدہ کے گھر سوسائٹی ٹاؤن میں لے کر گئے جہاں تمام آنکھیں اشک بار تھیں۔