واشنگٹن(واجد علی سید)اگرچہ پاکستانی سفارتخانہ پاکستانی فوج کے چیف آف آرمی اسٹاف( سی او اے ایس )کے دورہ امریکہ کے دورانیے اور ایجنڈے کے بارے میں خاموش ہے، تاہم صورتحال سے واقف حکام کا کہنا ہے کہ جنرل عاصم منیر کا دورہ پانچ دن تک بڑھ سکتا ہے۔
اس دوران وہ امریکی محکمہ دفاع کے اعلیٰ حکام اور قومی سلامتی کے حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔اگر ماضی کا کوئی اشارہ ہے تو، سی او اے ایس امریکہ میں پاکستان کے سفیر کی سرکاری رہائش گاہ پاکستان ہاؤس میں مختلف تھنک ٹینک کے عملے اور امریکی کانگریس کے ارکان سے بھی ملاقات کریں گے۔
امکان ہے کہ سی او ایس اپنے سامعین کو علاقائی اور اقتصادی صورتحال پر پاکستان کے موقف سے آگاہ کریں گے۔ اس بات کا قوی امکان ہے کہ COAS ڈائسپورا کے ممبران سے بھی خطاب کر سکتے ہیں۔
اجلاس کا ایجنڈا ممکنہ طور پر افغانستان میں پناہ گاہیں تلاش کرنے والی دہشت گرد تنظیموں سے لڑنے کیلئے پاکستان کی کوششیں ہونگی اور کابل میں طالبان کیساتھ ملک کے سلامتی سے متعلق تعلقات ہوں گے۔