آکسفورڈ یونیورسٹی پریس نے رواں سال کا لفظ پیش کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق آکسفورڈ ڈکشنری پبلشر نے ’رِز‘ (Rizz) کو 2023ء کا لفظ قرار دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آکسفورڈ یونیورسٹی پریس ہر سال ایک نیا لفظ ڈکشنری میں شامل کرتا ہے، رواں سال کے لیے لفظ ’رِز‘ کا انتخاب کیا گیا ہے۔
’رِز‘ کا انتخاب شارٹ لسٹ کیے گئے 8 الفاظ میں سے کیا گیا ہے، شارٹ لسٹ کیے گئے الفاظ میں ٹیلر سوئفٹ کے مداحوں کے لیے استعمال ہونے والا لفظ ’سوئفٹی‘ اور غیر رسمی رومانوی یا جنسی تعلقات کے لیے استعمال ہونے والا لفظ ’سچویشن شپ‘ (situationship) بھی شامل تھے۔
آکسفورڈ کے لغت نگاروں نے لفظ ’رِز‘ کے انتخاب کا حتمی فیصلہ کرنے سے پہلے شارٹ لسٹ الفاظ کی فہرست پر عوامی ووٹنگ کرائی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لفظ ’رِز‘ رواں سال مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بالخصوص ٹک ٹاک پر بطور ہیش ٹیگ بڑے پیمانے پر استعمال ہوا تھا۔
آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کے مطابق لفظ ’رِز‘ انگیزی زبان کے لفظ کرِزما ’charisma‘ کا مخفف ہے اور اسی کے معنوں میں استعمال ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ آکسفورڈ مانیٹرنگ کے ماہرین ہر سال ایسے الفاظ کا جائزہ لیتے ہیں جو پہلے کے مقابلے میں زیادہ کثرت سے استعمال ہو رہے ہیں یا زبان میں نئے داخل ہوئے ہیں۔
یہ ماہرین ہر سال ایسے نئے الفاظ ڈکشنری میں شامل کرتے ہیں جو عوامی سطح پر عام استعمال ہونے لگیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس آکسفورڈ یونیورسٹی پریس نے لفظ گوبلن موڈ انگریزی لغت میں شامل کیا تھا، جس کے معنی خود غرض، کاہل اور لالچی کے ہیں۔