کراچی(نیوز ڈیسک)ایران کے سرکاری ٹی وی کے مطابق گزشتہ روز ایک علیحدگی پسند گروہ کے مبینہ ارکان نے صوبہ سیستان بلوچستان میں ایک پولیس اسٹیشن پر حملہ کیا جس میں کم از کم گیارہ سکیورٹی اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے صوبہ سیستان بلوچستان کے نائب گورنر علی رضا مرحمتی نے کہا ہے کہ راسک نامی قصبے میں ہونے والے حملے میں سینئر پولیس افسران اور سپاہی ہلاک ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے فائرنگ کے تبادلے میں متعدد حملہ آوروں کو ہلاک کیا۔ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا نے سرکاری حکام کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ حملے میں سات پولیس اہلکار شدید طور پر زخمی بھی ہوئے، جن میں سے بعض کی حالت کافی نازک ہے۔گورنر علی رضا مرحمتی نے کہا کہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر دو بجے کے قریب شروع ہونے والے اس حملے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں سینئر پولیس افسران اور فوجی بھی شامل ہیں۔