کراچی (این این آئی) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ محنت اور مسلسل محنت سے ہی ہم پاکستان کو عظیم تر بنا سکتے ہیں، اس مرتبہ قائداعظم کی سالگرہ اور کرسمس کو شایان شان طریقے سے منائیں گے، 25 دسمبر کو قائد اعظم کا پاکستان لگنا چاہئے، قائداعظم جس طرح کا پاکستان چاہتے تھے ہمیں اس کے لئے عملی کوششیں کرنی چاہئیں، اسکیجز میں قائداعظم کی شخصیت کے مختلف پہلوئوں کو اجاگر کیا گیا ہے، اس قسم کی نمائشیں منعقد ہونی چاہئیں تاکہ نئی نسل کو آگاہی ہو،ان خیالات کا اظہار انہوں نے آرٹس کونسل کراچی میں آرٹسٹ علی عظمت کے قائداعظم کے بنائے گئے اسکیجز کی نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب سے وزیر اطلاعات محمد احمد شاہ اور وزیرقانون عمر سومرو نے بھی خطاب کیا۔