کراچی (اسد ابن حسن) سائبر کرائم کراچی کے ڈائریکٹر کے خلاف ڈی جی اور ہائی کورٹ میں درخواستیں، سائبر کرائم کراچی میں ایک مرتبہ پھر سازشوں کا بازار گرم ہو گیا ہے جس کے بعد سرکل کی کارکردگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے اور دوسری طرف تفتیشی افسران نے کام میں دلچسپی لینا چھوڑ دی ہے۔ ایک طرف ادارے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر اور ایک تفتیشی افسر پر ایک درج مقدمے کو سی کلاس(ختم) کرنے کے الزامات کی تشہیر کرائی جا رہی ہے تو دوسری طرف ڈائریکٹر سندھ اپریشن سائبر کرائم اور تفتیشی افسر سب انسپکٹرکے خلاف ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے افسر نے نہ صرف ڈائریکٹر جنرل ایف ائی اے کو مذکورہ افسران کو اسے ہراساں کرنے اور ان کی مرضی کا بیان ریکارڈ کرانے کے حوالے سے درخواست دی ہے بلکہ ان کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں آئینی درخواست بھی دائر کر دی ہے۔