پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ الیکشن لڑنے کے لیے نواز شریف کے راستے میں کوئی رکاوٹ نہیں۔ وہ لاہور سمیت مختلف حلقوں سے الیکشن لڑیں گے۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے اراکین الیکشن کو مشکوک بنانے کےلیے کاغذاتِ نامزدگی چھینے جانے کے الزامات لگا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے غلط بیانی کر رہے ہیں وہ الیکشن سے راہ فرار اختیار کر رہے ہیں، اگر پی ٹی آئی امیدوار سے کاغذات نامزدگی چھینے گئے ہیں تو وہ دوبارہ لے لیں۔
انکا کہنا تھا کہ ن لیگ چاہتی ہے 8 فروری کو انتخابات ہوں، چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کے مطالبے کی حمایت نہیں کرتے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ میری اطلاع ہے کہ نواز شریف لاہور اور دیگر حلقوں سے الیکشن لڑیں گے۔ نواز شریف کے الیکشن لڑنے میں کوئی رکاوٹ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ نے قانون پاس کرلیا ہے کہ پانچ سال سے زیادہ نااہلی نہیں ہوسکتی۔
خواجہ آصف نے یہ بھی کہا کہ بانی پی ٹی آئی الیکشن لڑسکتے ہیں یا نہیں یہ قانونی معاملہ ہے، عدالتوں کو دیکھنا ہے۔
عثمان ڈار کے گھر پر چھاپے سے متعلق انہوں نے کہا کہ پولیس اپنے مؤقف پر قائم ہے کہ عمر ڈار کی گرفتاری کےلیے گئے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اہلکاروں کے ساتھ ہاتھا پائی کی گئی انہوں نے جواب میں کچھ نہیں کیا۔
انکا کہنا تھا کہ عثمان ڈار چاہیں تو میرے خلاف درخواست دیں اور اپنی مرضی کے افسران سے تحقیقات کروائیں۔
انہوں نے کہا کہ علی ظفر کا بیان ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ پارٹی چھوڑنے والوں کو ٹکٹ نہیں دیں گے۔ عثمان ڈار سیاست سے علیحدہ ہوئے، لگتا ہے اب وہ اپنی گرتی ہوئی ساکھ بحال کرنا چاہتے ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ کسی بھی گھر کا شخص مفرور ہو، چادر اور چار دیواری مجروح ہو تو مفرور شخص اپنی گرفتاری دے دیتا ہے۔ لگتا ہے عثمان ڈار پی ٹی آئی کے ساتھ سلسلہ جوڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف علاج کےلیے گئے تھے تو ان کے خاندان کے لوگ اس کی قیمت ادا کر رہے تھے۔
انتخابات میں حصہ لینے سے متعلق خواجہ آصف نے کہا کہ سیالکوٹ کے اسی حلقے سے الیکشن لڑوں گا جس سے لڑتا رہا ہوں۔ کل صبح کاغذات نامزدگی لوں گا۔
اسی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان نے ریاست سے تحریک انصاف کے تمام گرفتار کارکنوں کو تنبیہ کرکے معاف کرنے کی اپیل کردی۔
انکا کہنا تھا کہ مراد سعید اور شہریار آفریدی کو بھی الیکشن لڑنے کا موقع دیا جائے کیونکہ انہوں نے ہمیشہ ریاستی اداروں کے دفاع کی بات کی ہے اور پاکستان زندہ باد کہا ہے۔