• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیالکوٹ، عثمان ڈار کی والدہ کا خواجہ آصف پر حملہ کرنے کا الزام

سیالکوٹ( نمائندہ جنگ) عثمان ڈار کے گھر پولیس چھاپہ کے خلاف ضلع کچہری میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انکی والدہ نے کہا کہ خواجہ آصف کی ایما پر پولیس بغیر وارنٹ گھر کا دروازہ توڑکرداخل ہوئی ،چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا، قانونی کارروائی کروں گی، دوسری جانب سابق وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے عثمان ڈار اور انکی والدہ کی جانب سے اپنے اوپر لگائے ہوئے الزامات کے جواب کہا کہ کبھی انتقامی سیاست نہیں کی،مخالفین کے ساتھ جنگ اصولوں کی لڑتا ہوں ، عثمان ڈار کی والدہ نے مزید کہا کہ پولیس اہلکار آدھی رات انکے گھر زبردستی دروازہ توڑ کر نہ صرف داخل ہو ئے بلکہ میرے اور میری بہو کے کپڑے پھاڑدیئے اور بدتمیزی کی گئی، ان کا کہنا تھا کہ وہ اس حوالے سے چیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھیں گی اور قانونی کاروائی بھی کرینگی۔میں ایک ماں ہوں اور آپ اپنی والدہ سمجھ کر مجھے انصاف دلائیں۔اس موقع پر عثمان ڈارنے کہا کہ پولیس نے9مئی کے انکے گھر میں ہونے والی توڑ پھوڑ اور پیسوں کی چوری کے معاملہ پر بھی انہیں انصاف نہیں دیا گیا اگر انصاف دیا جاتا تو آج دوبارہ یہ واقعہ پیش نہ آتا۔ڈی پی او سیالکوٹ خواجہ محمد آصف کی ایما پرہمارے ساتھ ذاتیات پر اترا ہوا ہے،سیالکوٹ کی پولیس خواجہ آصف کی باندی بنی ہوئی ہے ۔ادھر سابق وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے عثمان ڈار اور انکی والدہ کی جانب سے اپنے اوپر لگائے ہوئے الزامات کے جواب کہا کہ میں نے کبھی انتقامی سیاست نہیں کی، ہمیشہ اپنے مخالفین کیساتھ سیاسی جنگ لڑی ہے،ذاتیات کی نہیں،میں اپنے مخالفین کے ساتھ جنگ اصولوں کی لڑتا ہوں اور انکے بزرگوں اور اہل خانہ کا احترام کرتا ہوں۔
اہم خبریں سے مزید