پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی سالانہ کارکردگی کی رپورٹ سامنے آ گئی۔
ترجمان پی آئی سی رفعت انجم کے مطابق اس سال او پی ڈی میں 9 ہزاربچوں سمیت61 ہزار سے زیادہ دل کے مریضوں کا معائنہ کیا گیا جبکہ ایمرجنسی میں 13 ہزار دل کے مریضوں کو لایا گیا۔
رفعت انجم نے بتایا کہ پی آئی سی میں 14 سو سے زیادہ مریضوں کے دل کے آپریشن جبکہ11 ہزار سے زیادہ انجیو گرافی اور انجیو پلاسٹی پروسیجرز کیے گئے۔
ترجمان پی آئی سی رفعت انجم کے مطابق اسپتال میں صحت کارڈ پر 15 ہزار 6 سو سے زیادہ مریضوں کی انجیو گرافی، انجیو پلاسٹی، دل کے آپریشن اور دیگر علاج کیے۔
رفعت انجم نے بتایا کہ سینہ چاک کیے بغیر بین الاقوامی معیار کی21 سرجریز کی گئیں۔
ترجمان پی آئی سی کے مطابق پڑوسی ملک افغانستان کے مریضوں کو بھی بہترین سہولتیں دی گئیں، اسپتال میں تقریباََ 4 ہزار افغان مریضوں کو او پی ڈی میں علاج کی سہولتیں دی گئیں جبکہ 6 سو سے زیادہ افغان مریضوں کی انجیو گرافی، انجیو پلاسٹی اور دل کے آپریشن کیے گئے۔
رفعت انجم نے یہ بھی بتایا ہے کہ پی آئی سی کے اسٹیٹ آف دی آرٹ سی ٹی اسکین، ایم آر آئی الٹرا ساؤنڈ اور ایکسرے سے 28 ہزار 4 سو سے زیادہ مریض مستفید ہوئے۔