پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ نوین وقار کا کہنا ہے کہ میں نجی زندگی کے بارے میں بات کرکے خبروں میں نہیں رہنا چاہتی۔
نوین وقار نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے مختلف موضوعات پر بہت دلچسپ گفتگو کی۔
اُنہوں نے طلاق کے بارے میں ہمارے معاشرے کے لوگوں کے خیالات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ لوگ طلاق کو اتنی بری چیز سمجھتے ہیں کہ اگر ان کے اپنے گھر میں طلاق ہوجاتی ہے تو وہ اسے چُھپانے کی کوشش کرتے ہیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ میں ایسے بہت سے لوگوں کو جانتی ہوں جن کی طلاق ہوگئی لیکن وہ کافی عرصے تک صرف شادی شدہ ہونے کا دکھاوا کرتے رہے اور اس بارے میں کسی کو نہیں بتایا کیونکہ اُنہیں طلاق کے بارے میں بتاتے ہوئے شرمندگی ہو رہی تھی اور یہ ڈر بھی تھا کہ پتا نہیں ان کی فیملی کا طلاق پر کیسا ردِعمل ہوگا۔
اُنہوں نے کہا کہ لیکن میرا خیال ہے کہ طلاق کے بارے میں لوگوں کے خیالات کا انخصار طلاق کی وجوہات پر بھی ہے کہ دو لوگوں لے درمیان طلاق ہو کس وجہ سے رہی ہے۔
نوین وقار کی یہ بات سن کر میزبان نے سوال کیا کہ کیا آپ اپنی طلاق کی وجہ بتانا چاہیں گی؟
اُنہوں نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اب تو سب لائیو شوز میں بیٹھ کر سب کے سامنے ساری باتیں کر رہے ہوتے ہیں لیکن میں ایسا نہیں کرتی کیونکہ مجھے لگتا ہے کہ یہ میری نجی زندگی ہے اور میں اپنی نجی زندگی کے بارے میں کبھی بھی یوں سب کے سامنے بات نہیں کروں گی۔
اداکارہ نے کہا کہ میں نے اپنے والدین سے صرف یہی سیکھا ہے کہ اپنے گھر کی بات گھر تک رکھو کیونکہ جب گھر کی باہر نکلتی ہے تو لوگ اسے اپنے حساب سے آگے توڑ مروڑ کر پیش کریں گے۔
اُنہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال میں آپ لوگوں کا منہ بند نہیں کر سکتے تو بہتر یہ ہوتا ہے کہ انسان اپنا منہ بند رکھے۔
نوین وقار نے کہا کہ جو بھی برا وقت آپ کی زندگی میں آتا ہے اس سے صرف سبق حاصل کریں اور آگے بڑھ جائیں لیکن ہمارے معاشرے میں لوگ خبروں میں رہنے کے لیے اپنی نجی زندگی میں آنے والے ایسے برے وقت کے بارے میں سب کے سامنے بات کر رہے ہوتے ہیں لیکن میں ایسا نہیں چاہتی۔
اُنہوں نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے کہا کہ میں چاہتی ہوں کہ میں جب بھی خبروں میں آؤں تو صرف اپنے کام کی وجہ آؤں۔