بھارت میں پولیس نے اسکریپ مافیا کے خلاف ایکشن سخت اور مزید تیز کردیا۔
بھارت کے شہر نوئیڈا کی پولیس نے میٹل مافیا اور گینگسٹر روی کانا کے گینگ کی 200 کروڑ سے زیادہ کی جائیدادوں کو سیل کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اسکریپ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کو تیز کرتے ہوئے نوئیڈا پولیس نے چھاپا مار کر جنوبی دہلی میں ایک 100 کروڑ مالیت کے بنگلے کو سیل کردیا جو کہ گینگسٹر روی کانا نے اپنی دوست کاجل جھا کو تحفے میں دیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کاجل جھا نے نوکری کے سلسلے میں گینگسٹر روی کانا سے رابطہ کیا تھا لیکن بعد میں وہ اس کے گینگ کی ہی سب سے اہم رکن بن گئی جو تمام بے نامی جائیدادوں کے معاملات سنبھالنے کی انچارج تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق روی کانا نے جنوبی دہلی کے پوش علاقے میں تقریباً 100 کروڑ روپے کا تین منزلہ بنگلا خاتون کو تحفے میں دیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق پولیس نے بدھ کو اس شاندار بنگلے پر چھاپا مارا لیکن کاجل جھا اور اس کے ساتھی وہاں سےین فرار ہوگئے جس کے بعد پولیس نے بنگلے کو سیل کردیا۔
بھارتی پولیس کے مطابق رویندر نگر عرف روی کانا 16 رکنی گینگ چلاتا ہے جو ربڑ اور اسکریپ مٹیریل کی غیر قانونی خرید و فروخت میں ملوث ہے۔