بھارتیوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر بائیکاٹ مالدیپ کا ٹرینڈ گردش کرنے پر مالدیپ کے نومنتخب صدر محمد معیزو نے چین سے مدد مانگ لی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مالدیپ کے نومنتخب صدر محمد معیزو نے 5 روزہ دورۂ چین کے دوسرے روز چینی صوبے فوجیان میں مالدیپ بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ شہریوں کو سیاحت کی خاطر مالدیپ بھیجے۔
بھارت سے سفارتی تنازع کے بعد مالدیپ کے صدر نے چین کو سب سے بڑا اتحادی قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین ہمارے قریبی اتحادیوں اور ترقیاتی شراکت داروں میں سے ایک ہے، کوویڈ 19 سے قبل چین کے بیشتر سیاح مالدیپ کا رخ کرتے تھے۔ چین کے سیاح ہماری سب سے بڑی مارکیٹ ہوا کرتے تھے۔
انہوں نے چین سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ہم چین کے لیے اس پوزیشن کو دوبارہ حاصل کرنے کی کوششیں تیز کر رہے ہیں، چین بھی سیاحوں کو مالدیپ آنے پر زور دے۔
واضح رہے کہ مالدیپ کے صدر نے چین سے مذکورہ درخواست بھارتی سیاحوں کی جانب سے ریزرویشن کی منسوخی کے بعد کی ہے۔
بھارتی سیاحوں نے مالدیپ کے وزراء کی جانب سے بھارتی وزیر اعظم کو مسخرہ، دہشت گرد اور اسرائیلی کٹھ پتلی قرار دیئے جانے کے بعد مالدیپ کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا جس کے باعث دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تنازع کھڑا ہوگیا ہے۔