• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریما خان نے اپنے بیٹے کی دیکھ بھال کیلئے ’آیا‘ کیوں نہیں رکھی؟

اداکارہ ریما خان، فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا
اداکارہ ریما خان، فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ریما خان نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہوں نے اپنے بیٹے کی دیکھ بھال کے لیے کبھی’آیا‘ کو نہیں رکھا۔

ریما خان نے حال ہی میں ایک ویب شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنی زندگی کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں بات کی۔

اُنہوں نے بتایا کہ جب میرا بیٹا پیدا ہوا تو مجھے بہت سے لوگوں نے مشورہ دیا کہ میں اپنے بیٹے کو سنبھالنے کے لیے’آیا‘ رکھ لوں مگر میں نے ایسا نہیں کیا۔

اداکارہ نے بتایا کہ میں پہلے 5 سال اپنے بیٹے سے بالکل الگ نہیں ہوئی اس دوران میری والدہ اور بہنوں نے مجھ سے بہت کہا کہ تم بچے کی دیکھ بھال کے لیے کوئی’آیا‘رکھ لو کیونکہ تمہیں بہت کام کرنا پڑتا ہے اور تمہاری نیند بھی پوری نہیں ہوتی۔

اُنہوں نے کہا کہ ہم جیسے ہی ایک بچہ ہو یا دو بچے ہوں فوراََ معاشرتی دباؤ میں آکر گھر میں’آیا‘رکھ لیتے ہیں چاہے ہمیں اس کی ضرورت بھی نہ ہو اور اس طرح ہم خود کو بالکل کاہل بنا لیتے ہیں۔

ریما خان نے کہا کہ ہماری ماؤں نے تو بغیر کسی’آیا‘ کی مدد کے چار چار بچے بھی پالے اور بچوں کی پرورش کے ساتھ ساتھ گھر کے سارے کام بھی خود کیے تو جب انسان اپنے معاشرے کی ایسی باہمت خواتین سے متاثر ہوتا ہے پھر اسے لگتا ہے کہ کچھ بھی ناممکن نہیں ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ جب عورت اپنے بچےکے ساتھ ایک خاص رشتہ بناتی ہے اور اس کی خود دیکھ بھال کرتی ہے تو اس بچے کو بڑے ہوکر وہ ساری چیزیں یاد رہتی ہیں کہ کیسے اس کی ماں بچپن میں رات بھر اس کے لیے جاگی یا کس طرح ماں نے اپنا کھانا چھوڑ کر پہلے اس کی ضرورت کو پورا کیا۔

اداکارہ نے کہا کہ جب بچے کے پاس اپنے والدین کے ساتھ گزارے ہوئے ایسے لمحات کی یادیں ہوتی ہیں تو وہ بڑھاپے میں اپنے والدین کو’اولڈ ہاؤس‘ میں نہیں چھوڑتا اور نہ ہی والدین کا خیال رکھنے کے لیے نرس کو رکھتا ہے وہ بھی پھر خود والدین کا خیال رکھنے کی کوشش کرتا ہے۔ 

اُنہوں نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے کہا کہ انسان جیسا بوتا ہے ویسا ہی کاٹتا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید