• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے 100 دن مکمل، جماعت اسلامی کا اظہار یکجہتی مارچ آج ہو گا

جماعت اسلامی کراچی غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے 100 دن مکمل ہونے پر اہل غزہ اور فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے آج شارع فیصل پر ’غزہ ملین مارچ‘ کر رہی ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے’غزہ ملین مارچ‘ کے شارع فیصل پر مرکزی کیمپ کا دورہ کیا اور مارچ کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر اُنہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ’غزہ ملین مارچ‘ منعقد کیا جا رہا ہے، 100دن ہو چکے 24 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور 1 لاکھ سے زائد زخمی ہیں۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی امریکا کی مذمت نہیں کر رہے لیکن ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ الیکشن کی گہما گہمی میں فلسطین کو نہیں بھولیں گے۔

اُنہوں نے نگراں حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ پاکستان اسرائیلی جارحیت کے خلاف ٹھوس اقدامات کرے اور فوری طور پر آو آئی سی کا اجلاس بلایا جائے۔

جماعتِ اسلامی کے رہنما نے کراچی کے عوام سے ’غزہ ملین مارچ‘ میں بھرپور شرکت کی اپیل بھی کی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ حماس کے مجاہدین نے بے سر و سامانی کے باوجود جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس اسرائیل کی فوجی طاقت کو شکست دے دی ہے۔ 

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ اسرائیلی فوج اپنے شکست کا انتقام نہتے فلسطینیوں پر بم باری کرکے لے رہی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ 23 ہزار سے زیادہ فلسطینی شہید ہونے کے باوجود اہلِ غزہ اور فلسطینی مسلمان عظیم استقامت کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ 

جماعتِ اسلامی کے رہنما نے کہا کہ عالمِ اسلام کے حکمراں فلسطینی مسلمانوں کی مدد نہیں کر رہے ہیں۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ ہم جنوبی افریقا کی حکومت اور عوام کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اسرائیلی دہشت گردی کے خلاف عالمی عدالت میں کیس کیا۔

قومی خبریں سے مزید