بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکٹ عامر خان کی بیٹی آئرا خان کے استقبالیہ کی تقریب میں شہرۂ آفاق فلم ’تارے زمین پر‘ کی کاسٹ نے بھی شرکت کی۔
پوری کاسٹ میں سے صرف اداکار درشیل سفارے نے میڈیا کی خاص توجہ حاصل کی جنہوں نے فلم میں ایشان آوستی کا مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
درشیل سفارے کی استقبالیہ کی تقریب سے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر اور ویڈیوز میں اُنہیں وائٹ شرٹ کے ساتھ نیلے رنگ کا بلیزر اور میچنگ پینٹ پہنے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے درشیل سفارے کی تصاویر اور ویڈیوز دیکھ کر خوشگوار حیرانی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
زیادہ تر صارفین کا کہنا ہے کہ جیسے ہی اُنہوں نے اداکار کی یہ وائرل تصاویر اور ویڈیوز دیکھیں تو اس بات پر غور کیا کہ یہ اب بہت بڑے ہوگئے ہیں اور ان کے دانت بھی صحیح ہوگئے ہیں۔
یاد رہے کہ فلم ’تارے زمین پر‘ میں جب درشیل سفارے بطور چائلڈ اسٹار جلوہ گر ہوئے تھے تو ان کے سامنے والے دو دانت باہر نکلے ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ درشیل سفارے نے اسی فلم سے بطور چائلڈ اسٹار اپنے شوبز کیریئر کا آغاز کیا تھا۔
اُنہوں نے اس فلم میں لازوال اداکاری کرکے اپنا کردار ’ایشان‘ کو فلمی شائقین کے ذہنوں پر ہمیشہ کے لیے نقش کردیا۔
بعد ازاں، درشیل سفارے 2010ء میں فلم ’بم بم بولے’، 2011ء میں ’زوکومون‘ اور 2012ء میں فلم ’مڈ نائٹس چلڈرن‘ میں اداکاری کرتے نظر آئے تھے۔
اُنہوں نے حال ہی میں اپنے ایک انٹرویو میں فلم انڈسٹری میں اپنی موجودگی کے بارے میں پھیلی غلط فہمی کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’میں نے پہلے اپنی تعلیم مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس لیے بہت سے لوگوں کو یہ لگا کہ میں نے اداکاری چھوڑ دی ہے‘۔
درشیل سفارے نے مزید بتایا کہ لوگ نہیں جانتے کہ میری تمام تر توجہ ابھی اپنی صلاحیتوں پر مرکوز ہے اور میں خود کو بہتر بنانے کے لیے سخت محنت کر رہا ہوں۔