• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وجے سیتھوپتی نے جنسی استحصال کے الزامات پر خاموشی توڑ دی

تامل اداکار وجے سیتوپتی—فائل فوٹو
تامل اداکار وجے سیتوپتی—فائل فوٹو

تامل اداکار وجے سیتھوپتی نے جنسی استحصال کے الزامات پر خاموشی توڑ دی۔

تامل اداکار وجے سیتھوپتی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک خاتون صارف کی جانب سے خود پر لگائے گئے جنسی استحصال کے الزامات کی تردید کی ہے۔

چند روز قبل یہ الزام سامنے آیا تھا کہ وجے سیتھوپتی نے ایک نوجوان خاتون کا کاروان فیورز کے لیے استحصال کیا تھا، یہ پوسٹ شیئر کیے جانے کے چند گھنٹوں کے اندر ہی ڈیلیٹ کر دی گئی تھی۔

بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں وجے سیتھوپتی نے ان الزامات کی تردید کی اور انہیں بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ الزامات کسی ایسے شخص کی کارستانی لگتے ہیں جو میری ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے۔

تامل اداکار وجے سیتھوپتی نے کہا کہ کوئی بھی جو مجھے تھوڑا بہت بھی جانتا ہے، وہ ان الزامات پر ہنسے گا، میں خود کو بھی جانتا ہوں، اس قسم کا گھٹیا الزام مجھے پریشان نہیں کر سکتا، میرا خاندان اور قریبی دوست اس حوالے سے پریشان ہیں، لیکن میں ان سے کہتا ہوں کہ اسے نظر انداز کریں، یہ خاتون ظاہر ہے کہ توجہ حاصل کرنے کے لیے ایسا کر رہی ہے، اسے شہرت کے چند لمحات ملے ہیں، اسے ان کا مزہ لینے دیں۔

وجے نے کہا کہ میں نے مذکورہ خاتون صارف کے خلاف سائبر کرائم کی شکایت درج کرائی ہے اور کہا ہے کہ اس طرح کی کردار کشی کی مہمات مجھ پر اثر انداز نہیں ہوں گی، میں نے 7 سال سے ہر قسم کی افواہوں کی مہمات کا سامنا کیا ہے، اس طرح کی الزام تراشی نے مجھے اب تک متاثر نہیں کیا ہے، نہ یہ کبھی مجھے متاثر کرے گی۔

اداکار نے پوسٹس کے وقت پر بھی سوال اٹھایا ہے اور کہا ہے کہ یہ الزامات میری تازہ ترین فلم تھلائیوان تھلائیوی کی کامیابی سے منسلک ہو سکتے ہیں، میری نئی فلم اچھا بزنس کر رہی ہے، شاید کچھ حسد کرنے والے عناصر یہ سمجھتے ہیں کہ میری ساکھ کو داغدار کر کے وہ میری فلم کو نقصان پہنچا سکتے ہیں، ایسا نہیں ہوتا، آج کے دور میں کوئی بھی کسی کے بارے میں کچھ بھی کہہ سکتا ہے، کوئی فلٹر نہیں ہیں، آپ کو صرف سوشل میڈیا پر ایک اکاؤنٹ کی ضرورت ہے اور آپ نتائج کے خوف کے بغیر جو چاہیں لکھ سکتے ہیں۔

خاتون صارف نے کیا الزام لگایا تھا؟

یہ الزامات رمیا موہن نامی ایک ایکس صارف نے لگائے تھے، جس نے دعویٰ کیا تھا کہ وجے سیتھوپتی نے اس کی جاننے والی ایک لڑکی کا جنسی استحصال کیا ہے۔

سوشل میڈیا پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ وجے سیتھوپتی نے کاروان فیورز کے لیے 2 لاکھ روپے، ڈرائیوز کے لیے 50 ہزار روپے کی پیشکش کی جبکہ سوشل میڈیا پر وہ ایک سادھو کی طرح برتاؤ کرتے ہیں۔

ایک اور پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ پاگل پن ہے کہ کچھ بے حس احمق سچ کو تسلیم کرنے کے بجائے ذریعے پر سوال اٹھانے یا متاثرہ شخص کو موردِ الزام ٹھہرانے پر زیادہ توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں، یہ سچائی اس خاندان پر طوفان کی طرح ٹوٹی جب انہوں نے اس کی ڈائری اور فون چیٹس دیکھیں، یہ صرف کوئی کہانی نہیں تھی، یہ اس کی زندگی تھی، اس کا درد تھا۔

صارف رمیا موہن کا ایکس اکاؤنٹ اس الزام کے بعد سے غیر فعال ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید