ہالی ووڈ اداکار اورلینڈو بلوم نے سابقہ گرل فرینڈ کیٹی پیری اور سابق کینیڈین وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو کی ڈیٹنگ کی افواہوں پر ردِ عمل کا اظہار کر دیا۔
کیٹی پیری اور جسٹن ٹروڈو کے درمیان ڈیٹنگ کے حوالے سے قیاس آرائیاں اس وقت شروع ہوئیں جب اداکار اورلینڈو بلوم سے علیحدگی کے صرف چند ہفتوں بعد پاپ گلوکارہ کیٹی پیری کو کینیڈا میں سابق کینیڈین وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو کے ساتھ متعدد بار دیکھا گیا۔
اب اورلینڈو بلوم نے ان افواہوں پر ردِ عمل ظاہر کیا ہے۔
یہ سب اس وقت شروع ہوا جب ایک طنزیہ ویب سائٹ دی انیئن نے ایک جعلی سرخی شیئر کی جس میں دعویٰ کیا کہ بلوم کیٹی پیری سے آگے بڑھ چکے ہیں اور اب وہ جرمنی کی سابق چانسلر انجیلا مرکل کو ڈیٹ کر رہے ہیں، اس مزاحیہ اور من گھڑت کہانی میں ایک رومانوی شام کی تفصیل بیان کی گئی تھی جس میں سیپیاں، چاکلیٹ کیک اور ایک اقتباس شامل تھا جس میں کہا گیا کہ مرکل نے انہیں پوری رات ہنسایا۔
اس میں لکھا تھا کہ اداکار اورلینڈو بلوم کو جمعے کے روز اپنی منگیتر کیٹی پیری سے علیحدگی کے اعلان کے صرف چند ہفتوں بعد جرمنی کی سابق چانسلر انجیلا مرکل کے ساتھ ڈنر کرتے ہوئے دیکھا گیا، اس کے ساتھ ہی ایک اے آئی سے بنائی گئی تصویر بھی تھی جس میں دونوں شمعوں کی روشنی میں ڈنر کر رہے تھے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اس مذاق کو نظر انداز کرنے یا دفاعی انداز اپنانے کے بجائے اورلینڈو بلوم نے تبصروں میں محض تالی بجانے والے 3 ایموجیز پوسٹ کر کے اس مذاق میں حصہ لیا۔
واضح رہے کہ کیٹی پیری اور جسٹن ٹروڈو کو 28 جولائی کو مونٹریال میں ایک ساتھ ڈنر کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔
اس کے صرف 2 دن بعد 30 جولائی کو کینیڈا کے سابق وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو کو مونٹریال کے بیل سینٹر میں کیٹی کے سولڈ آؤٹ لائف ٹائمز ٹور کنسرٹ میں ان کے لیے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
گزشتہ ماہ کیٹی اور اورلینڈو بلوم نے اپنی علیحدگی کی تصدیق کی تھی، دونوں پہلی بار 2016ء میں گولڈن گلوبز کی ایک آفٹر پارٹی میں ملے تھے اور 2019ء میں ویلنٹائن ڈے پر ان کی منگنی ہوئی تھی، 2020ء میں ان کے ہاں بیٹی ڈیزی ڈوو کی پیدائش ہوئی تھی۔
جہاں تک جسٹن ٹروڈو کا تعلق ہے انہوں نے اگست 2023ء میں 18 سال کی شادی کے بعد صوفی گریگویئر سے اپنی علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔
صوفی گریگویئر ایک سابق ٹی وی میزبان ہیں، ان کے اور جسٹن ٹروڈو کے 3 بچے زیویئر، ایلا گریس اور ہیڈرین ہیں۔