ملیالم اداکار کلابھون نواس ہوٹل کے کمرے میں مردہ پائے گئے، ان کی عمر 51 سال تھی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ملیالم اداکار اور میمکری آرٹسٹ کلابھون نواس گزشتہ شام چوٹانِکارا کے ایک ہوٹل کے کمرے میں مردہ پائے گئے، ان کی موت مبینہ طور پر دل کے دورے کے باعث ہوئی ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ نواس اپنی آنے والی فلم پرکمبنم کی شوٹنگ کر رہے تھے، جسے مکمل کرنے کے بعد انہوں نے ہوٹل سے چیک آؤٹ کرنا تھا۔
ہوٹل کے ایک ملازم نے چیک آؤٹ کی تصدیق کے دوران اداکار کو کمرے میں بے حس و حرکت پایا جس پر انہیں فوری طور پر قریبی اسپتال لے جایا گیا، لیکن ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔
پولیس نے میڈیا کو بتایا ہے کہ نواس کی موت کے حوالے سے لاش ملنے کے مقام کے ارد گرد کوئی مشکوک صورتِ حال نہیں پائی گئی۔
نواس کی لاش چوٹانکارا کے ایک نجی اسپتال منتقل کی گئی تھی جہاں سے پوسٹ مارٹم کے بعد آج اہلِ خانہ کے حوالے کر دی گئی، حکام اداکار کی موت کی اصل وجہ جاننے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں۔
کیرالہ سے تعلق رکھنے والے نواس نے مشہور کلابھون ٹروپ سے شہرت حاصل کی، وہ اپنے بھائی اور ساتھی اداکار نیاز بکر کے ساتھ اکثر اسٹیج پر بھی نظر آتے تھے۔
انہوں نے 1995ء میں فلم چیتنم سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور ان کی مشہور فلموں میں مٹوپیٹی مچن، جونیئر مینڈرک اور اماں امائی اماں شامل ہیں۔