پاکستانی فلموں کی نامور اداکارہ ریما خان نے خود کو زندگی کے تمام کرداروں میں سب سے بہترین قرار دیتے ہوئے 10 میں سے 10 نمبر دے دیے۔
انہوں نے جیو نیوز کے مقبول کامیڈی شو ’ہنسنا منع ہے‘ میں بطور مہمان شرکت کی اور میزبان تابش ہاشمی اور پروگرام کے شرکاء کے دلچسپ سوالوں کے جوابات دیے۔
دوران شو حاضرین میں شریک ایک خاتون نے سوال کیا کہ ریما جی آپ سُپر اسٹار ہیں، نجی زندگی میں ماں، بیوی، بہو کا کردار نبھا چکی ہیں، ان میں سے کون سا کردار سب سے بہتر لگا اور آپ ان میں خود کو 10 میں سے کتنے نمبر دیں گی۔
خاتون کے سوال کا جواب دیتے ہوئے ریما خان نے خود کو پرفیکٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں بطورِسُپر اسٹار، بطور بیوی اور بطور ماں، سارے ہی شعبوں میں خود کو 10 میں سے 10 نمبر دوں گی۔
اداکارہ نے مزید وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ اگر میں اچھی بیوی بننے کی کوشش نہ کرتی تو میرے شوہر مجھے کوئی بھی کام کرنے کی اجازت نہ دیتے۔ اگر میں اچھی ماں بننے کی کوشش نہ کرتی تو میرا بیٹا جو اس وقت ساڑھے 8 برس کا ہے وہ فلسطین کی حمایت میں نکلنے والی ریلی میں 4 گھنٹے پیدل نہ چلتا۔ اگر میں اچھی بہو بننے کی کوشش نہ کرتی تو میرے سسرال والوں کو مجھ پر یقین نہ ہوتا کہ میں ہر جگہ ان کا سر بلُند کرسکتی ہوں۔
انہوں نے خواتین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ زندگی میں 10 میں سے 10 نمبر لینے کے لیے آپ کو اپنی ذات کی نفی ضرور کرنی پڑتی ہےلیکن پھر آپ سے وابستہ رشتے آپ کا اور آپ کی خوشی کا احترام ضرور کریں گے۔