اسلام آباد (مہتاب حید ر) ایس آئی ایف سی کے فیصلے کی تعمیل کرتے ہوئے ایف بی آر کی اعلیٰ انتظامیہ کو ری اسٹرکچرنگ پلان پر سمری تیار کرکے وفاقی کابینہ کو بھیجنا ہوگی لیکن پرائیویٹ ممبران کو ان لینڈ ریونیو اور کسٹمز بورڈ کے سربراہ کی حیثیت سے تحریری طور پر مخالفت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اعلیٰ سرکاری ذرائع نے دی نیوز کو تصدیق کی کہ جو بھی ریونیو جنریشن کی کوششوں کے وسیع تر مفاد میں نہیں ہے، ایف بی آر اس کی پرزور مخالفت کرے گا۔ اس بات کا تعین کرنا ابھی باقی ہے کہ بورڈ کے چیئرمین کا عہدہ ملنے کے بعد پرائیویٹ ممبران کس طرح اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ مفادات کا ٹکراؤ نہ ہو۔ اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل نے ایف بی آر کے ری اسٹرکچرنگ پلان کی منظوری دے دی ہے اور چیئرمین/ریونیو ڈویژن کے سیکرٹری کو 15 دن کی مدت میں سمری تیار کرکے کابینہ کو بھیجنے کی ذمہ داری سونپی ہے۔