• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام کی خاطر اب نمرہ وی لاگز اور ویڈیوز میں نظر نہیں آئیں گی: یوٹیوبر اسد پرویز


نو عمری میں شادی کرکے شہرت حاصل کرنے والے یوٹیوبر اسد پرویز نے اسلام کی خاطر اعلان کیا ہے کہ اب ان کی اہلیہ نمرہ وی لاگز اور ویڈیوز میں نظر نہیں آئیں گی۔

یوٹیوبر نے ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر نیا وی لاگ شیئر کیا ہے اور گزشتہ کچھ عرصے سے تنہا وی لاگز کرنے کی وجہ بھی بتائی۔

انہوں نے کہا کہ اب نمرہ ویڈیوز میں نظر نہیں آئیں گی اور یہ فیصلہ وہ اسلام کی خاطر کر رہے ہیں۔

یوٹیوب پر جاری کی گئی ویڈیو میں اسد پرویز کو یہ کہتے ہوئے سُن سکتے ہیں کہ ہم ویڈیوز بنانے اور دولت کمانے میں اتنے اندھے ہوگئے ہیں کہ اپنے مذہب اسلام اور خدا کو بھول گئے، ان سے دور ہوگئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کچھ دن قبل ایک حدیث کا مفہوم جاننے کے بعد انہیں احساس ہوا کہ وہ دولت اور شہرت میں کتنے اندھے ہوچکے ہیں۔ 

ان کے مطابق مذکورہ حدیث کا مفہوم کچھ اس طرح ہے کہ خدا تین طرح کے لوگوں سے ناراض ہوتا ہے، ایک وہ جو والدین کی عزت نہیں کرتے، دوسرا ان سے جو لڑکی ہوکر لڑکا بننے کی کوشش کرتی ہے اور تیسرا ان سے جو اپنی بیوی کی رونمائی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس حدیث کو جاننے کے بعد یہ فیصلہ ایک ہی رات میں کیا ہے کہ اب نمرہ کے بغیر ہی ویڈیوز بنائیں گے۔ البتہ وہ اور ان کا بیٹا ویڈیوز میں آتے رہیں گے۔

واضح رہے کہ اسد اور نمرہ فروری 2020 میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوگئے تھے۔ کم عمری میں شادی کے باعث ان کی شادی کی ویڈیوز خوب وائرل ہوئیں اور انہیں خوب شہرت ملی۔

شادی کے بعد دونوں نے یوٹیوب، ٹک ٹاک اور انسٹاگرام سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایک ساتھ اور علیحدہ علیحدہ نظر آئے۔ لیکن کچھ عرصے سے اسد اپنی اہلیہ کے بغیر ہی ولاگز کرتے دکھائی دیے رہے تھے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید