کراچی (اسٹاف رپورٹر )امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمنٰ نے اعلان کیا ہے کہ قومی وصوبائی اسمبلی کے انتخابات کے سلسلے میں 28جنوری اتوار کو باغ جناح گراؤنڈ میں تاریخی”جلسہ عام“ ہوگا اور ہ انتخاب کا رُخ واضح کردے گا،اہل کراچی 8فروری سے قبل ہی جماعت اسلامی کے حق میں فیصلہ دے دیں گے اور ثابت کردیں گے کہ جماعت اسلامی ہی کراچی کے عوام کی امنگوں کی ترجمان ہے، امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق 25جنوری کو کراچی پہنچیں گے، شہر کے مختلف مقامات کا دورہ کریں گے، کارکنان انتخابی مہم او ر جدوجہد تیز کریں، ریلیاں نکالیں، چوکوں اور چوراہوں پر کیمپس لگائیں اور کراچی کے ہر شہری سے رابطہ کریں، ادارہ نورحق میں انتخابی مہم و آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ عوامی سروے بتارہے ہیں کہ جماعت اسلامی عام انتخابات میں بھی کراچی کی سب سے بڑی جماعت بنے گی،ایم کیو ایم انتخابات سے قبل پیپلزپارٹی کے خلاف ہوجاتی ہے لیکن بعد میں یہ دونوں مل کر کراچی کے عوام کا استحصال کرتی ہیں،عوام وو ٹ تقسیم نہ کریں، تعمیر وترقی کے نشان ترازو پر مہر لگائیں اور اپنے ووٹ کا تحفظ بھی کریں، حافظ نعیم الرحمن نے مزیدکہاکہ رائے عامہ کے سروے اداروں کے پاس موجود ہیں لیکن پھٹے ہوئے غباروں میں پھر سے ہوا بھرنے کی کوشش کی جارہی ہے،اہل کراچی ماضی جیسے حالات کے دوبارہ متحمل نہیں ہوسکتے،انہوں نے مہنگائی و بے روزگار ی سے تنگ خاندان کے ساتھ ہونے والے اندوہناک واقع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس کا ذمہ دار حکمرا ن طبقے کی بے حسی اور عوام دشمنی کو قرار دیا۔