شہید بینظیر بھٹو کے صاحبزادے بلاول بھٹو زرداری اور ان کی سب سے چھوٹی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری نے اپنی بڑی بہن بختاور بھٹو زرداری کی سالگرہ پر مبارک باد دیتے ہوئے جذباتی پیغام جاری کردیئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بلاول بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری نے اپنی بہن کو 34ویں سالگرہ پر انہیں مبارک باد دی ہے۔
آصفہ بھٹو زرداری نے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کرتے ہوئے بہن سے دوری کا شکوہ کیا اور لکھا کہ سالگرہ مبارک ہو ہماری پیاری بہن بختاور بھٹو زرداری، امید کرتی ہوں کہ آپ کا یہ دن خوشیوں اور محبت سے بھرپور گزرے۔ ہم آپ کے اور ہمارے پیارے بھانجوں کے ساتھ اس دن کو منانے کا موقع گنوا رہے ہیں، جو ہر روز ہماری زندگیوں میں روشنی بھرتے ہیں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ آپ کو ماں جیسے مقدس رتبے کو حاصل کرتا دیکھ کر تمام اہل خانہ کو خوشی محسوس ہوئی ہے۔ امید کرتی ہوں کہ یہ دن ہمیشہ ہمیشہ کے لیے آپ کی زندگی کا خوشگوار اور یاد گار دن ہو۔
اس سے قبل بختاور بھٹو زرداری کے بھائی بلاول بھٹو زرداری نے بھی اپنی بہن کو سالگرہ کی مبارک باد دی۔
بلاول بھٹو زرداری نے اپنے اس پیغام میں اپنی بہن کو ملک کی پہلی خاتون وزیر اعظم کی پہلی اولاد اور میر حاکم اور میر سجاول کے الفاظوں سے مخاطب کیا ہے اور ان کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا ہے۔