کراچی( اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے کراچی سمیت صوبہ سندھ میں ہونے والی بارش کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بارش کے نتیجے میں پیش آنے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے پندرہ سالوں سے صوبہ سندھ پر قابض پیپلزپارٹی نے کراچی سمیت پورے صوبے کو کھنڈرات میں تبدیل کرنے کا عہد کیا ہوا ہے، گزشتہ روز کی بارش نے پیپلز پارٹی کی کرپشن کی قلعی کھول دی ، پانی جمع ہونے سے عوام کا مالی نقصان تو ہوا ، متعدد مقامات پر گٹر کے ڈھکن نہ ہونے سےکئی شہری اپنی جان سے بھی ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ پیپلزپارٹی جو کراچی سمیت سندھ پر 22 ہزار ارب لگانے کا کھوکھلا دعوا کرتی ہے اس کا بارش نے مکمل پردہ فاش کردیا ،جہاں جہاں پیپلزپارٹی کے نام نہاد میئر کراچی نے الیکشن میں ووٹ حاصل کرنے کیلئے سڑ کیں بنوائیں وہ ایک بارش میں بہہ گئی،پورے شہر میں گھنٹوں پانی کھڑا رہا اور پیپلزپارٹی کے متعصب میئر صرف پوائنٹ اسکورنگ میں مصروف رہے۔