قومی اسمبلی کے حلقے این اے 236 کے آزاد امیدوار عالمگیر خان نے کہا ہے کہ یہ میرے 1 لاکھ ووٹ کھاگئے، پوچھتا ہوں کیا اس سے بڑا کوئی مذاق ہوگا؟
کراچی سے جاری بیان میں سابق رکن قومی اسمبی عالمگیر خان نے کہا کہ فارم 45 کے مطابق مجھے 1 لاکھ کے قریب ووٹ ملے ہیں جبکہ الیکشن کمیشن کے رزلٹ میں مجھے 1 ہزار 154 ووٹ دیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جس شخص کو این اے 236 سے کامیاب دکھایا گیا ہے، اُس کے 38 ہزار ووٹ ہیں جبکہ میں نے صرف ایک پولنگ اسٹیشن سے 4 ہزار ووٹ حاصل کیے ہیں۔
آزاد امیدوار نے مزید کہا کہ کیا اس سے بڑا کوئی مذاق ہوگا کہ میرے ایک لاکھ ووٹ کھا گئے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آر او آفس کے باہر پولیس کی نفری لگادی گئی، پوری رات آر او آفس کو علاقہ غیر بنایا تھا، ہر پولنگ اسٹیشن میں دھاندلی ہوئی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی ویب سائٹ پر موجود فارم 47 کے مطابق این اے 236 شرقی 2 پر متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان حسان صابر 38 ہزار 871 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔
ای سی پی کے فارم 47 کے مطابق پیپلز پارٹی کے مزمل قریشی نے 32 ہزار 231 جبکہ جماعت اسلامی کے اسامہ رضی نے 21 ہزار 82 ووٹ حاصل کیے ہیں۔
ای سی پی کے فارم 47 پر درج اعداد و شمار کے مطابق این اے 236 شرقی 2 پر مرد و خواتین ووٹرز کی تعداد 5 لاکھ 42 ہزار 409 ہے، جن میں 1 لاکھ 35 ہزار 215 نے حق رائے دہی استعمال کیا، یوں ووٹنگ کی شرح 24 اعشاریہ 93 فیصد رہی۔
Pakistan election 2024 | Election 2024 Constituencies | Election 2024 candidates