اسلام آباد (نمائندہ جنگ، مانیٹرنگ ڈیسک) دولت مشترکہ وفد کے سربراہ ڈاکٹر گڈ لک جوناتھن نے کہا ہے کہ الیکشن 2024اچھے ماحول میں ہوئے، ای ایم ایس بہترین کاوش تھی۔ ہم الیکشن کمیشن کی کارکردگی کو سراہتے ہیں، لوگ بڑی تعداد میں ووٹ ڈالنے کیلئے نکلے اور نوجوانوں کی بڑی تعداد الیکشن مہم کیلئے نکلی،انٹرنیٹ کی بندش کو انتخابات میں رکاوٹ نہیں کہہ سکتے،ہر پولنگ سٹیشن کے بعد فارم 45 آویزاں کیا گیا ، انٹرنیٹ اور موبائل کی سروسز بند ہونے کی وجہ سے پریذائیڈنگ آفیسران کو یہ فارم ریٹرننگ آفیسران تک روایتی طریقے سے پہنچانے پڑے جس سے نتایج کو حتمی شکل دینے میں کچھ مشکلات ہوئیں،گو کہ انتخابی نتائج مرتب کرنے کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔ وہ پاکستانی عوام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ تحمل اور بردباری جاری رکھیں اور جنہیں کسی معاملے پر تحفظات ہیں وہ اپنے تحفظات طے شدہ طریقہ کار کے مطابق حل کریں۔ اسلام آباد میں پریس بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ ہم نے اور ہمارے نمائندوں نے 2024ء الیکشن کا مشاہدہ کیا، اس دوران کراچی، ملتان، حیدرآباد اور فیصل آباد کے پولنگ سٹیشنز کا دورہ کیا،الیکشن کے دوران اہلکاروں کی شہادت پر افسوس ہے۔