اسلام آباد( نمائندہ جنگ ) شری کٹاس راج میں مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے بھارتی ہندو یاتری وجے کمار شرما کی سربراہی میں71رکنی وفدگزشتہ روز واہگہ چیک پوسٹ کے راستے پاکستان پہنچ گیا جہاں پر متروکہ وقف املاک بورڈ کے ایڈیشنل سیکرٹری( شرائنز )سیف اللہ کھوکھر ،پاکستان ہندو مندر مینجمنٹ کمیٹی کے صدر کرشن شرما نے تریوں کا استقبال کیا اور وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین اور چیئرمن متروکہ وقف املاک بورڈ سید عطاء الرحمٰن کی طرف سے گلدستے پیش کیے ۔بھارتی جتھ لیڈر وجے کمار شرما نے واہگہ بارڈر پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دورہ پاکستان امن اور محبت کا پیغام ہے، جب بھی پاکستان آ تا ہوں پہلے سے بہتر انتظامات کیے جاتے ہیں ۔واہگہ بارڈر پر پرتپاک استقبال پر متروکہ وقف املاک بورڈ کے شکر گزار ہیں ۔متروکہ وقف املاک بورڈ کے ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز سیف اللہ کھوکھر نے کہا کہ وفاقی وزارت مذہبی امور براے بین ا لمذاہب ہم آہنگی اور چیئرمین بورڈ سید عطاء الرحمٰن کی خصوصی ہدایت پر ہندو یاتریوں کی پاکستان آمد کے حوالے سے سیکورٹی رہائش، ٹرانسپورٹ سمیت دیگر انتظامات کیے گئے ہیں۔