• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں میڈیا کی آزادی کی صورتحال تشویشناک ہے، ایمنڈ

کراچی (جنگ نیوز) ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز( ایمنڈ) نے پاکستان میں میڈیا کی آزادی کی صورتحال کوتشویشناک قرار دیا ہے، ایمنڈ نے وزیراعظم شہباز شریف اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو سمیت دیگر سیاسی قائدین سے مطالبہ کیا کہ وہ آزادی اظہار رائے پر پابندیوں کی صورتحال کا سنجیدگی سے جائزہ لیں کیونکہ اس کی براہ راست ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے۔ ملک میں میڈیا کو درپیش چیلنجز کا جائزہ لینے کے لیے ایمنڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی کا ورچوئل اجلاس منعقد ہوا جس میں آزادی اظہار رائے پر پابندیوں، صحافیوں کے خلاف قائم مقدمات پیکا آرڈیننس، سوشل میڈیا پر غیر ضروری پابندی، انٹرنیٹ کی بندش، مبہم شقوں کی آڑ میں پیمرا کے غیر قانونی نوٹسز اور میڈیا اداروں کو کاروباری نقصان پہنچانے کے حربوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایمنڈ نے جاری بیان میں کہا ہے کہ اختلاف رائے کو ختم کرنے کے لیے ہر حربہ استعمال کیا جارہا ہے، ٹیلی ویژن چینلز پر دباؤ کا مقصد میڈیا کو زیادہ سے زیادہ کنٹرول کرنا اور اختلاف رائے کو خاموش کرنا ہے، صورتحال کی یکطرفہ عکاسی میڈیاکی ساکھ کو بری طرح متاثر کررہی ہے۔ ایمنڈ کا مزید کہنا تھا کہ پیمرا ربر اسٹیمپ کے طور پر کام کررہا ہے جو ٹیلی ویژن چیلنجز کو دباؤ میں لانے کے لیے ہر روز غیر قانونی نوٹسز جاری کررہا ہے، سوشل میڈیا پر اخلاقی اور قانونی پابندیوں کی آڑ میں صحافیوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے اور ان کے خلاف نوٹسز جاری کرنے اور مقدمات قائم کرنے کا سلسلہ جاری ہے تاکہ اُنہیں ڈرا دھمکا کر مطلوبہ مقاصد حاصل کیے جاسکیں۔ اپنے بیان میں ایمنڈ کا کہنا تھا دوسری طرف انٹرنیٹ سروسز کی بندش، تعطل اور سوشل میڈیا ایپس میں خلل کے باعث صحافی اور میڈیا ادارے براہ راست متاثر ہورہے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید