کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ بار ایسوسی ایشن کے صدر ملک عابد کاکڑ ایڈووکیٹ جنرل سیکرٹری چنگیز حئی بلوچ ایڈووکیٹ نے کہاہےکہ ایک سازش کے تحت ملک میں جمہوریت کو پنپنے نہیں دیا جا رہا ہے۔ 2024 کے الیکشن نے مزید سوالوں کو جنم دیا ہے جس طریقے سے الیکشن کا انعقاد کیا گیا اس سے یہی پیغام ملتا ہے کے ملک میں جمہوریت کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔عوامی رائے کا احترام نہ کرنے اور انتخابات میں دھاندلی کے خلاف بلوچستان کے آل پارٹیز کے ہڑتال کی مکمل حمایت کرتے ہیں ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اگر اس طرح کا الیکشن کرنا تھا تو بہتر ہوتا کے الیکشن نا ہی کرواتے کیونکہ عوام کا قیمتی پیسہ اور وقت ضائع کیا گیا۔ آفرین ہے حقیقی سیاسی پارٹیز کےاکابرین اور سیاسی ورکرز کو جو کھٹن حالات میں بھی الیکشن کے عمل کا حصہ بنے۔ لیکن افسوس ٹھیکیداروں مافیا اور عوام دشمن ٹولے اور ایسے زورآوروں کو جو حلقے کی ایک گلی سے بھی واقف نہیں ۔انہیں چور دروازے کے ذریعے سلیکٹ کروایا گیا جہاں وہ بلوچستان اور عوام دشمن پالیسیوں کا حصہ بنیں گے۔اس الیکشن سے دنیا بھر میں ملک کی جگ ہنسائی ہوئی ہے۔ اب وقت آگیا ہےکہ حقیقی سیاسی پارٹیز آپس کے تمام اختلافات بھلا کر حقیقی جمہوریت کے لئے مشترکہ سیاسی جدوجہد کریں۔