کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کوئٹہ سٹی کے صدر پی بی 41 کے امیدوار نور الدین کاکڑ نے کہا ہے کہ8 فروری کو ہونے والے انتخابات میں پی بی 41 اور این اے 263 پر جعلی بیلٹ پیپرز کے ذریعے عوام کے حق پر ڈاکہ ڈالا گیا ، پیپلز پارٹی عوامی مینڈیٹ پر یقین رکھتی ہے اور انتخابات کے نتائج کے خلاف عدلیہ سے رجوع کرے گی۔یہ بات انہوں نے منگل کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ 8 فروری کو جعلی بیلٹ پیپرز کے ذریعے عوام کے حق پر ڈاکہ ڈالا گیا جس کی مذمت کرتے ہیں ۔ انتخابی نتائج سامنے آنے کے بعد پتہ چلا ایسے نمائندے کو جتوایا گیا ہے جو تیسرے یا چوتھے نمبر پر تھا۔انہوں نے کہا کہ ہمیشہ حلقے کے عوام کے درمیان موجود رہے ہیں ، حلقے سے نتائج کو عوام نے بھی مسترد کردیا ہے، پیپلز پارٹی عوامی مینڈیٹ پر یقین رکھتی ہے اور انتخابات کے نتائج کے خلاف عدلیہ سے رجوع کرے گی۔