پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کے لیے ٹیم پشاور زلمی نے اپنا ترانہ ’زلمی یمیٰ (4کے)‘ ریلیز کر دیا۔
ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر پشاور زلمی کے آفیشل اکاؤنٹ سے ٹیم کا ترانہ جاری کیا گیا ہے۔
اس گانے کی ویڈیو میں پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر جلوہ گر ہوئی ہیں جبکہ بعض منظر میں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم بھی نظر آرہے ہیں۔
اسے معروف گلوکار عبداللّٰہ صدیقی، نہال نسیم اور ظہور کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ اس ترانے کو عبداللّٰہ صدیقی نے پروڈیوس کیا ہے۔
پشاور زلمی کے ترانے کو آواز دینے والے عبداللّٰہ صدیقی نے ظہور اور اسفند یار اسد کے ساتھ مل کر اس کی شاعری بھی تحریر کی ہے۔
واضح رہے کہ قبل ازیں پشاور زلمی نے مقامی ترانہ ’زلمی آواز‘ پشتو زبان میں جاری کیا تھا جسے معروف پشتو گلوکار رحیم شاہ نے گیا ہے۔
مذکورہ ترانے کو ہوم گراؤنڈ ارباب نیاز اسٹیڈیم میں فلمایا گیا ہے جبکہ اس کی ویڈیو میں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم سمیت عامر جمال، محمد حارث اور دیگر ساتھی کھلاڑی بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کی افتتاحی تقریب آج لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوگی جس میں گلوکار علی ظفر، آئمہ بیگ، عارف لوہار اور نوری پرفارم کریں گے۔
افتتاحی تقریب کے بعد پہلا میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور دفاعی چیمپئن ٹیم، لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔
پی ایس ایل 9 کا انعقاد چار شہروں کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں ہوگا جبکہ فائنل 18 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔