• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صحت کیلئے بے حد ضروری اومیگا 3 کی کمی کی 5 علامات

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

اومیگا 3 فیٹی ایسڈز انسانی صحت کے لیے ناقابل یقین حد تک اہم جز ہے، یہ دماغ اور دل کی بہتر کارکردگی کے لیے بھی بہت ضروری قرار دیا جاتا ہے۔

غذائی ماہرین کے مطابق حمل کے دوران خواتین کو اومیگا تھری کی کافی مقدار میں ضرورت ہوتی ہے، اس کے استعمال سے بچے کی ذہنی اور دماغی نشوونما بہتر طور پر ہو پاتی ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق Omega-3 کی کمی ڈپریشن اور اضطراب کی علامات کو ظاہر کرتی ہے جبکہ اس کی مطلوبہ مقدار  کا حصول جسمانی افعال کو منظم اور بہتر طور پر کام کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

سبزی خوروں میں اومیگا 3 کی کمی عام پائی جاتی ہے جبکہ دیگر غذائی اجزاء کے برعکس اومیگا 3 کی کمی کو بہت زیادہ نظر انداز کیا جاتا ہے جس کے نتیجے میں انسان ذہنی اور جسمانی متعدد شکایتوں میں گھرا رہتا ہے اور وجوہات سے بھی لاعلم رہتا ہے۔

صحت سے متعلق اس مضمون میں اومیگا 3 کی کمی سے ظاہر ہونے والی چند ممکنہ علامات کے بارے میں  آگاہ کیا گیا ہے۔

افسردگی کا طاری رہنا

مطالعات کے مطابق ڈپریشن کے شکار لوگوں میں اکثر اومیگا 3 فیٹی ایسڈ کی کمی پائی جاتی ہے، یہ بھی دیکھا گیا ہے کہ اومیگا تھری سپلیمنٹس لینے سے دماغی صحت کو بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے، لہٰذا خراب دماغی صحت کے ساتھ ساتھ موڈ میں تبدیلی اومیگا 3 کی کمی کی علامت ہوسکتی ہے۔

جِلد اور بالوں کے مسائل

جسم میں اومیگا 3 کی کمی براہِ راست جِلد پر اثر انداز ہوتی ہے،  اومیگا تھری کی کمی حساس اور خشک جِلد کا سبب بنتی ہے، امیگا تھری کی کمی جِلد پر لالی اور مہاسوں میں بھی اضافہ کر سکتی ہے۔

اسی طرح امیگا تھری کی جسم میں کم مقدار پائے جانے کے سبب بالوں کی صحت بھی متاثر ہوتی ہے، بالوں کا گرنا، پتلا ہونا اور خشک ہونا اومیگا تھری کی چند علامتوں میں سے ہیں۔

جوڑوں کا درد

جوڑوں کا درد اور پٹھوں کی سختی کسی بھی عمر کے فرد کے لیے مشکل پیدا کر سکتی ہے، جیسے جیسے عمر بڑھتی ہے جوڑوں کے مسائل کا سامنا کرنے کا بھی امکان بڑھ جاتا ہے۔

مطالعات سے پتہ چلتا ہے کہ اومیگا 3 سپلیمنٹس لینے سے جوڑوں کے درد اور پٹھوں کی سختی پر قابو پانے میں مدد مل سکتی ہے۔

خشک آنکھیں

اومیگا تھری آنکھوں کی صحت کے لیے بھی اہم ہے، اومیگا تھری آنکھوں کی نمی برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کرتا ہے۔

دن بھر تھکاوٹ کا حاوی رہنا

تھکاوٹ کا تعلق عام طور پر بے خوابی اور تناؤ سے ہوتا ہے تاہم بہت سے لوگ نہیں جانتے کہ یہ اومیگا 3 کی کمی کی علامت بھی ہوسکتی ہے۔

اومیگا 3 فیٹی ایسڈ حاصل کرنے کے ذرائع

سالمن مچھلی، فلیک سیڈ (السی)، چیا سیڈز، اخروٹ، سویابین اور برسلز سپراؤٹس اومیگا 3 فیٹی ایسڈ کے کچھ اچھے ذرائع قرار دیے جاتے ہیں۔

صحت سے مزید