• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کنگز 7 وکٹوں سے باآسانی فاتح، پشاور زلمی کو دوسرے میچ میں بھی شکست

فوٹو بشکریہ پی سی بی
فوٹو بشکریہ پی سی بی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 کے چھٹے میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو باآسانی 7 وکٹوں سے ہرادیا۔ 

پشاور زلمی کی جانب سے دیا گیا 155 رنز کا ہدف کراچی کنگز نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 17ویں اوور میں ہی پورا کرلیا۔ 

کراچی کنگز کی ایونٹ میں یہ پہلی کامیابی ہے جبکہ پشاور زلمی کو مسلسل دوسرے میچ میں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ 

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔ 

پشاور زلمی کی ٹیم 19.5 اوورز میں 154 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ کپتان بابر اعظم نے 72 رنز کی اننگز کھیلی۔ 

روومن پاویل نے 39 اور آصف علی نے 23 رنز بنائے جبکہ ان 3 بیٹرز کے علاوہ زلمی کا کوئی بھی بیٹر ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکا۔

کراچی کنگز کے حسن علی اور میر حمزہ نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

کنگز نے ہدف کا تعاقب پراعتماد انداز میں کیا، لیکن کپتان شان مسعود 12 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے۔ محمد اخلاق نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 24 رنز بنائے۔ 

شعیب ملک نے ذمہ دارانہ 29 رنز کی اننگز کھیلی، تاہم جیمز وینس کے 30 گیندوں پر 38 اور کیرون پولارڈ کے 21 گیندوں پر 49 رنز کی بدولت کراچی کنگز نے ہدف 16 اعشاریہ 5 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ 

کراچی کنگز کے فاسٹ بولر میر حمزہ کو عمدہ بولنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ اگر ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرتے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید